تل ابیب: اسرائیل کے ساحلی شہر ایلات میں حوثی باغیوں کے ڈرون حملے میں 20 افراد زخمی ہو گئے، جن میں سے دو کی حالت تشویشناک ہے۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق زخمیوں میں 60 سالہ اور 26 سالہ دو افراد کی حالت نازک ہے، جبکہ ایک 30 سالہ شخص کو درمیانے درجے کے زخم آئے ہیں۔ باقی افراد معمولی زخمی ہوئے ہیں، جنہیں ڈرون دھماکے کے بعد اڑنے والے چھروں نے نقصان پہنچایا۔
شدید زخمیوں کو فوجی ہیلی کاپٹر کے ذریعے بیئر سبع کے بڑے اسپتال منتقل کیا گیا ہے، جبکہ باقی زخمیوں کو ایلات کے مقامی اسپتال میں ابتدائی طبی امداد دی جا رہی ہے۔
حملے کی ویڈیو میں دیکھا گیا کہ ایک ڈرون نچلی پرواز کرتے ہوئے ایک ہوٹل کے قریب آ کر پھٹ گیا۔ اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ انہوں نے ڈرون کو روکنے کے لیے آئرن ڈوم سسٹم سے دو میزائل فائر کیے، لیکن وہ کامیاب نہ ہو سکے۔
یاد رہے کہ کچھ دن پہلے بھی حوثیوں کا ایک ڈرون ایلات میں آ کر گرا تھا، تاہم اس وقت کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا۔ موجودہ حملہ ایلات پر ہونے والا اب تک کا ایک نمایاں واقعہ ہے۔