نیویارک: اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 80 ویں اجلاس کے سائیڈ لائن پر وزیراعظم محمد شہباز شریف اور بنگلہ دیش کے چیف ایڈوائزر پروفیسر محمد یونس کے درمیان ایک اہم اور خوشگوار ملاقات ہوئی۔ اس ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تعلقات کو مزید بہتر بنانے، خاص طور پر تجارت، علاقائی تعاون اور ثقافتی روابط کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے باہمی عزت، اعتماد اور تعاون کی بنیاد پر دونوں ممالک کے تعلقات کو مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ اس موقع پر پروفیسر محمد یونس نے بھی پاکستان کے مثبت کردار کو سراہتے ہوئے دوطرفہ تجارت اور ثقافتی روابط کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔
یہ ملاقات خطے کے استحکام اور عوام کی خوشحالی کے لیے دونوں ممالک کے مشترکہ عزم کی عکاس ہے اور اس سے توقع کی جا رہی ہے کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے تعلقات نئے عہد میں قدم رکھیں گے۔