وزیراعظم شہباز شریف کا پاکستان اور جنوبی افریقہ کی ٹیموں کے اعزاز میں عشائیہ، کرکٹ کو امن و بھائی چارے کا ذریعہ قرار دے دیا

09:08 PM, 25 Oct, 2025

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان اور جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیموں کے اعزاز میں عشائیہ دیا، جس میں دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں، آفیشلز اور چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے شرکت کی۔ وزیراعظم نے اس موقع پر کھلاڑیوں سے ملاقات کی اور ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے جنوبی افریقہ کی ٹیم کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان دوستی اور باہمی احترام کے دیرینہ تعلقات موجود ہیں، اور کرکٹ ان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا اہم ذریعہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ جنوبی افریقہ نے دنیا کے عظیم کرکٹرز پیدا کیے جبکہ پاکستانی کھلاڑیوں نے بھی اپنی عمدہ کارکردگی سے ملک و قوم کا نام دنیا بھر میں روشن کیا۔ وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ پاکستان کرکٹ ٹیم ماضی کی طرح شاندار کھیل پیش کرے گی اور شائقین کو یادگار لمحات دے گی۔

شہباز شریف نے کہا کہ کرکٹ صرف ایک کھیل نہیں بلکہ عوام کو قریب لانے، بھائی چارے اور امن کو فروغ دینے کا ذریعہ ہے۔
انہوں نے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی کارکردگی اور صلاحیتوں پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان کرکٹ کو مزید ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے۔

مزیدخبریں