پی آئی اے کا برطانیہ کے لیے فلائٹ آپریشن دوبارہ شروع

11:59 AM, 25 Oct, 2025

اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے پی آئی اے کے برطانیہ کے لیے فلائٹ آپریشن کی بحالی کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج سے پی آئی اے کی پروازیں پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دوبارہ چلیں گی، جو ایک اہم سنگ میل ہے۔

وزیر دفاع خواجہ آصف نے پی آئی اے کے برطانیہ کے لیے فلائٹ آپریشن کی بحالی کا افتتاح کیا، جس میں برطانوی ہائی کمشنر اور سیکرٹری دفاع بھی شریک ہوئے۔ خواجہ آصف نے کہا کہ پی آئی اے کے روٹس کی بحالی سے حکومت کو مالی نقصان سے بچا گیا اور قومی فضائی کمپنی کی ساکھ کو دوبارہ بہتر بنایا گیا ہے۔ انہوں نے اس بات کا بھی ذکر کیا کہ اس میں برطانوی ہائی کمشنر کا کردار بہت اہم تھا۔

پی آئی اے کی مانچسٹر کے لیے پہلی براہ راست پرواز آج دن 12:05 پر روانہ ہوگی، جو بوئنگ 777 طیارے کے ذریعے 273 مسافروں کو لے کر مانچسٹر جائے گی۔ ابتدائی طور پر پی آئی اے اسلام آباد سے مانچسٹر کے لیے ہفتہ وار دو پروازیں چلائے گا، جو ہفتے اور منگل کو آپریٹ ہوں گی۔ پی آئی اے کی پرواز پی کے 701 برطانوی وقت کے مطابق شام 5 بجے مانچسٹر پہنچے گی اور شام 7 بجے واپس اسلام آباد کے لیے روانہ ہوگی، جو صبح 7 بجے اسلام آباد پہنچے گی۔

دوسرے مرحلے میں پی آئی اے لندن کے لیے بھی پروازیں شروع کرے گا۔ واضح رہے کہ پانچ سال قبل برطانیہ اور یورپ نے پی آئی اے پر پروازوں کی پابندی عائد کر دی تھی، جو اب دوبارہ بحال ہو گئی ہے۔

مزیدخبریں