تھائی لینڈ کی سابق ملکہ سری کٹ 93 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں

01:21 PM, 25 Oct, 2025

بینکاک: تھائی لینڈ کی سابق ملکہ سری کٹ 93 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں۔ وہ 2019 سے خون میں انفیکشن اور دیگر بیماریوں کی وجہ سے ہسپتال میں زیر علاج تھیں۔

ملکہ سری کٹ نے اپنے شوہر، بادشاہ بھومی بون ادیولیادیت کے ساتھ 7 دہائیوں تک تھائی لینڈ کی سماجی اور ثقافتی زندگی میں اہم کردار ادا کیا۔ ان کی خدمات میں تھائی ریشم کی صنعت کو فروغ دینا اور مقامی دستکاریوں کو زندہ رکھنا شامل تھا۔ وہ اپنی خوبصورتی، نفاست اور فیشن کے ذوق کی وجہ سے بین الاقوامی سطح پر ایک سٹائل آئیکون کے طور پر جانی جاتی تھیں۔

2012 میں فالج کے بعد وہ عوامی سرگرمیوں سے دور ہو گئی تھیں، اور اب ان کے انتقال کے بعد تھائی شاہی خاندان اور درباری عملے نے ایک سالہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔

تھائی وزیرِاعظم انوتن چرن ویرکُل نے مادر ملکہ کے انتقال کے بعد اپنا ملائیشیا کا دورہ منسوخ کر دیا ہے، جہاں آسیان رہنماؤں کی سمٹ ہونا تھی۔ کابینہ اس ہفتے شاہی تدفین کے انتظامات پر غور کرے گی۔

پاکستان کے صدر آصف علی زرداری نے ملکہ سری کٹ کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے تھائی بادشاہ، شاہی خاندان اور عوام سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے عوام اس غم میں تھائی قوم کے ساتھ ہیں۔

مزیدخبریں