وزیرِ داخلہ محسن نقوی کی سعودی وزیرِ داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نائف سے ملاقات

12:36 PM, 25 Nov, 2025

اسلام آباد: وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے سعودی وزیرِ داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نائف سے اہم ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے سکیورٹی معاملات اور وزارتِ داخلہ کے درمیان تعاون کو مزید مستحکم کرنے پر بات چیت کی گئی۔

ملاقات کے دوران برمی مسلمانوں کے قانونی حیثیت کے مسئلے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، اور سعودی وزیرِ داخلہ نے اس مسئلے کے حل کے لیے پاکستانی وزیرِ داخلہ کی کوششوں کو سراہا۔ اس موقع پر، سعودی وزیرِ داخلہ نے فیڈرل کانسٹیبلری ہیڈ کوارٹر پر حالیہ حملے میں شہید ہونے والے اہلکاروں کے خاندانوں سے گہری تعزیت بھی کی۔

دونوں رہنماؤں نے پولیس اور پیرا ملٹری فورسز کے لیے ایک مشترکہ ٹریننگ ایکسچینج پروگرام شروع کرنے پر اتفاق کیا۔ اس کے علاوہ، یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ پاکستان اور سعودی عرب کی وزارتِ داخلہ کا ورکنگ گروپ آئندہ ماہ ایک اجلاس منعقد کرے گا۔

وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے ملاقات کے دوران کہا کہ سعودی عرب ہر پاکستانی کا دوسرا گھر ہے اور پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے دیرینہ اور مضبوط تعلقات پر فخر کرتا ہے۔

ملاقات میں وفاقی سیکرٹری داخلہ محمد خرم آغا، پاکستان کے سفیر احمد فاروق، کمانڈنٹ فیڈرل کانسٹیبلری نذیر گاڑا، کمانڈنٹ نیشنل پولیس اکیڈمی محمد ادریس اور سعودی وزارتِ داخلہ کے اعلیٰ حکام بھی شریک تھے۔

مزیدخبریں