پشاور: پولیس نے فیڈرل کانسٹیبلری (ایف سی) ہیڈکوارٹرز پشاور پر دہشت گردوں کے حملے کا مقدمہ سی ٹی ڈی (کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ) میں درج کر لیا ہے۔
پولیس کے مطابق، یہ مقدمہ دہشت گردی کی دفعات کے تحت نامعلوم دہشت گردوں کے خلاف درج کیا گیا ہے اور ایس ایچ او عبداللہ جلال کی مدعیت میں ایف آئی آر درج کی گئی۔
ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ دہشت گردوں نے سرکاری املاک اور ملکی سالمیت کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی۔ تین موٹر سائیکل سوار حملہ آوروں نے ایف سی ہیڈکوارٹرز پر حملہ کیا، جس میں ایک حملہ آور نے گیٹ پر خود کو دھماکے سے اُڑا لیا، جب کہ دو حملہ آور فائرنگ کرتے ہوئے عمارت کے اندر داخل ہوئے۔
پولیس کے مطابق، جائے وقوعہ سے 27 سے زائد خول برآمد ہوئے ہیں۔ اس حملے کے نتیجے میں تین ایف سی اہلکار شہید ہو گئے، جب کہ 11 اہلکار زخمی ہوئے۔