بیجنگ میں پاک چین وزرائے اعظم کے مابین اعلیٰ سطح کے مذاکرات، تزویراتی تعاون اور بنیادی مفادات کے مکمل تحفظ پر اتفاق

02:48 PM, 25 May, 2026

بیجنگ:وزیراعظم شہباز شریف کے دورۂ چین کے دوران بیجنگ میں پاک چین وزرائے اعظم کے مابین تزویراتی مذاکرات کا دور ہوا، جس میں چینی وزیراعظم لی کیانگ اور وزیراعظم شہباز شریف نے دونوں برادر ممالک کے مابین باہمی روابط کو نئی جہت دینے پر اتفاق کیا۔ ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے عزم ظاہر کیا کہ دونوں ممالک ایک دوسرے کے بنیادی قومی مفادات کے تحفظ اور خود مختاری کے لیے ہر محاذ پر مکمل حمایت جاری رکھیں گے۔

مذاکرات کے دوران پاک چین دوطرفہ تعلقات کی مجموعی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، جہاں سی پیک (CPEC) کے دوسرے مرحلے کی رفتار پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ اس منصوبے نے پاکستان کی معاشی اور سماجی ترقی میں انقلابی تبدیلیاں رونما کی ہیں۔ دونوں رہنماؤں نے سیاسی، اقتصادی، سکیورٹی، اسٹریٹجک اور عوامی روابط  میں ہونے والی مسلسل پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔

ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ چین کے ساتھ ہماری لازوال اسٹریٹجک شراکت داری پاکستان کی خارجہ پالیسی کا وہ بنیادی ستون ہے جس پر پوری قوم کا اتفاق ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاک چین آہنی دوستی مضبوط باہمی اعتماد، سٹریٹجک ہم آہنگی اور خطے میں امن و خوشحالی کے مشترکہ عزم کا آئینہ دار ہے، جسے آنے والے وقت میں مزید وسعت دی جائے گی۔

مزیدخبریں