عالمی سفارت کاری میں پاکستان کا بڑا معرکہ: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا دورۂ تہران فیصلہ کن رہا، امریکی میڈیا کی رپورٹ

01:50 PM, 25 May, 2026

اسلام آباد/واشنگٹن :ایران اور امریکہ کے مابین طویل جنگ اور کشیدگی کے خاتمے کے لیے پاکستان کی مخلصانہ کوششوں کی گونج اب عالمی سطح پر سنائی دینے لگی ہے۔ ممتاز امریکی میڈیا ہاؤس "سی بی ایس نیوز" نے خطے کی صورتحال پر اپنی خصوصی رپورٹ میں اعتراف کیا ہے کہ آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے دورۂ تہران نے تعطل کا شکار مذاکرات کو حتمی اور منطقی نتیجے تک پہنچانے میں سب سے اہم اور فیصلہ کن کردار ادا کیا ہے۔

امریکی نشریاتی ادارے نے اپنی رپورٹ میں مشرقِ وسطیٰ کے موجودہ پیچیدہ تناظر کا حوالہ دیتے ہوئے واضح کیا کہ جہاں خلیجی ممالک اور لبنان جیسے اہم علاقائی فریقین خود اس جنگ کی لپیٹ میں آ چکے ہیں، وہاں صرف پاکستان ہی وہ واحد ملک ہے جس نے غیر جانبدارانہ اور انتہائی مؤثر سفارت کاری کے ذریعے دونوں بڑی طاقتوں کو ایک قابلِ قبول امن مسودے پر متفق کرایا۔

مبصرین کا کہنا ہے کہ مشکل ترین حالات میں پاکستان کا یہ مصالحتی کردار اور امن مسودے کو حتمی شکل دلوانا ایک بہت بڑی تزویراتی اور سفارتی کامیابی ہے۔ یہ رپورٹ ثابت کرتی ہے کہ بیجنگ میں وزیراعظم شہباز شریف کے دورے کے دوران سامنے آنے والے بیانات عالمی حقیقتوں پر مبنی ہیں، اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی اس خاموش اور کامیاب سفارت کاری نے عالمی سطح پر پاکستان کا وقار اور تزویراتی اہمیت مزید بڑھا دی ہے۔

مزیدخبریں