پی ایس ایل 10:فائنل میں پاک بحریہ کو قومی سلام پیش، "آپریشن بنیان مرصوص" کے ہیروز کو خراجِ عقیدت

05:49 PM, 25 May, 2025

پی ایس ایل 10:فائنل میں پاک بحریہ کو قومی سلام پیش، 'آپریشن بنیان مرصوص' کے ہیروز کو خراجِ عقیدت
پی ایس ایل 10:فائنل میں پاک بحریہ کو قومی سلام پیش، 'آپریشن بنیان مرصوص' کے ہیروز کو خراجِ عقیدت

پی ایس ایل فائنل میں پاک بحریہ کو قومی سلام پیش، "آپریشن بنیان مرصوص" کے ہیروز کو خراجِ عقیدت
لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2025 کے فائنل میچ میں آج قوم اپنے سمندری محافظوں — پاک بحریہ — کو بھرپور انداز میں خراجِ تحسین پیش کرے گی۔ یہ اعزاز اُس جرأت مندانہ کارکردگی کے اعتراف میں دیا جا رہا ہے جو انہوں نے حالیہ دفاعی کارروائی "آپریشن بنیان مرصوص" کے دوران دکھائی۔

صدرِ پاکستان آصف علی زرداری اور پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف اس خصوصی تقریب میں مہمانِ خصوصی ہوں گے۔

6 مئی سے 10 مئی کے دوران بھارت کی جانب سے مسلط کی گئی جنگی فضا کے جواب میں پاکستان نے فجر کے وقت "آپریشن بنیان مرصوص" کا آغاز کیا۔ اس آپریشن میں پاک بحریہ نے سمندر میں فولادی دفاعی حصار قائم کرتے ہوئے دشمن کے ناپاک ارادوں کو خاک میں ملا دیا۔

دفاعی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ پاک نیوی نے بحرِ عرب میں ایسی بھرپور موجودگی یقینی بنائی کہ بھارتی جنگی جہاز اپنی جگہ سے حرکت کرنے کی ہمت نہ کر سکے۔ پاکستان کے ساحلی علاقے اور بحری اثاثے مکمل طور پر محفوظ رہے اور دشمن نفسیاتی دباؤ کا شکار ہو کر کسی عملی جارحیت سے باز رہا۔

اس آپریشن میں پاک فضائیہ نے بھی دشمن کے چھ جنگی طیارے — جن میں رافیل جیسے جدید طیارے شامل تھے — مار گرا کر بھارت کو واضح پیغام دیا، جب کہ بری فوج نے زمینی محاذ پر سیسہ پلائی دیوار کا کردار ادا کیا۔

جنرل عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان کی تینوں مسلح افواج نے مثالی ہم آہنگی سے دشمن کے حملے کو ناکام بنایا اور ثابت کیا کہ پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہے۔

آج کے پی ایس ایل فائنل کے موقع پر قوم اپنے ان جری محافظوں کو خراجِ عقیدت پیش کرے گی جنہوں نے خاموشی اور وقار کے ساتھ دشمن کی پیش قدمی کا راستہ روکا اور مادرِ وطن کے وقار کا پرچم بلند رکھا۔

مزیدخبریں