اسلام آباد / لاہور : مقبوضہ کشمیر کی 'آئرن لیڈی' آسیہ اندرابی کو بھارتی عدالت کی جانب سے عمر قید کی سزا سنائے جانے پر پاکستان میں شدید غم و غصے کی لہر دوڑ گئی ہے۔ حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک اور امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے بھارتی فیصلے کو انصاف کا جنازہ قرار دیتے ہوئے اسے عالمی ضمیر کے لیے ایک بڑا چیلنج قرار دیا ہے۔
حریت رہنما مشعال ملک نے اپنے ایک خصوصی ویڈیو پیغام میں مودی سرکار کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ آسیہ اندرابی کو عمر قید کی سزا سنانا کوئی عدالتی فیصلہ نہیں بلکہ ایک سوچی سمجھی سازش ہے جس کا مقصد کشمیری قیادت کو خاموش کرانا ہے۔ بھارت متنازع قوانین کے ذریعے آزادی کی پُرامن جدوجہد کو کچلنے کا خواب دیکھ رہا ہے، جو کبھی پورا نہیں ہوگا۔
انہوں نے عالمی برادری سے سوال کیا کہ کیا دنیا تہاڑ جیل میں قید کشمیری خواتین پر ہونے والے مظالم پر خاموش رہے گی؟۔
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے آسیہ اندرابی اور ان کی ساتھیوں کی استقامت کو سراہتے ہوئے کہا کہ دہلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں گزشتہ 8 سال سے قید ہماری یہ مائیں اور بہنیں غاصب بھارت کے سامنے مزاحمت کی علامت بن چکی ہیں۔ ان بہادر خواتین نے ثابت کر دیا ہے کہ قید و بند کی صعوبتیں جذبۂ آزادی کو مغلوب نہیں کر سکتیں۔
حافظ نعیم نے مطالبہ کیا کہ حکومتِ پاکستان اس معاملے کو فوری طور پر عالمی عدالتِ انصاف اور اقوامِ متحدہ میں اٹھائے۔
تہاڑ جیل کی دیواریں کشمیریوں کا حوصلہ نہیں توڑ سکتیں، آسیہ اندرابی کی سزا 'عدالتی دہشت گردی' ہے: مشعال ملک
11:57 AM, 25 Mar, 2026