اسرائیلی آباد کاروں کے فلسطینیوں پر حملے: اقوامِ متحدہ میں پاکستان کا دوٹوک موقف، فوری ایکشن کا مطالبہ

09:22 AM, 25 Mar, 2026

نیویارک :پاکستان نے اقوامِ متحدہ میں اسرائیلی آباد کاروں کی جانب سے فلسطینی شہریوں پر کیے جانے والے پرتشدد حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ اسرائیل مقبوضہ علاقوں میں اپنی غیر قانونی سرگرمیاں فوری طور پر بند کرے۔
اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے ایک پریس بریفنگ کے دوران سلامتی کونسل کی قرارداد 2334 کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ فلسطینی زمین کی حیثیت بدلنے کی کوئی بھی کوشش بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان سمیت بحرین، برطانیہ، فرانس، ڈنمارک اور یونان جیسے ممالک نے بھی ان اسرائیلی اقدامات کی بھرپور مخالفت کی ہے۔
پاکستانی مندوب نے خبردار کیا کہ اسرائیلی آباد کاروں کے یہ اقدامات خطے میں دیرپا امن کے حصول کے امکانات کو شدید نقصان پہنچا رہے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ عالمی برادری اسرائیل کو بین الاقوامی قانون کی پاسداری کرنے اور فلسطینیوں کے خلاف جاری تشدد کو فی الفور روکنے پر مجبور کرے۔

مزیدخبریں