خیبر پختونخوا کی حکومت کا جامعات کو خود کفیل بنانے کے لیے 10 سالہ ترقیاتی پلان

06:03 PM, 25 Mar, 2025

پشاور:  خیبر پختونخوا حکومت نے صوبے کی جامعات کو خود کفیل بنانے کے لیے 10 سالہ ترقیاتی پلان تیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیرِ اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے اس فیصلے کے تحت تمام سرکاری جامعات کے چانسلر کا عہدہ سنبھال لیا ہے اور اسٹریٹجک منصوبہ بندی کے ذریعے اعلیٰ تعلیم کے معیار میں بہتری لانے کی ہدایت کی ہے۔

وزیرِ اعلیٰ سیکریٹریٹ کی جانب سے سیکریٹری ہائر ایجوکیشن کو ایک خط بھیجا گیا ہے جس میں 21 دن کے اندر 10 سالہ تعلیمی پلان کا مسودہ تیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اس میں قانونی، انتظامی اور مالی اصلاحات پر بھی زور دیا جائے گا تاکہ جامعات کی خود کفالت میں اضافہ ہو سکے۔

یہ پلان جامعات کی تحقیقی صلاحیتوں کو بڑھانے اور روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے بھی تیار کیا جائے گا۔ وزیرِ اعلیٰ نے اس بات پر زور دیا کہ ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن اور بین الاقوامی تعاون کو بھی اس پلان میں شامل کیا جائے تاکہ خیبر پختون خوا کی جامعات عالمی معیار کے مطابق ترقی کر سکیں۔ اس پلان کو صوبائی کابینہ میں منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا۔

مزیدخبریں