ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کاامکان

01:25 PM, 25 Mar, 2025

لاہور : محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف حصوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے۔ خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر، خطہ پوٹھوہار اور اسلام آباد کے کچھ علاقوں میں بارش اور تیز ہوائیں چلنے کی توقع ہے۔

اسلام آباد اور اس کے ارد گرد کے علاقے جزوی طور پر ابر آلود رہیں گے، جہاں تیز ہواؤں کے ساتھ گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔ مری اور گلیات سمیت دیگر پہاڑی علاقے بھی اس بارش سے متاثر ہو سکتے ہیں۔

پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور دن کے دوران گرم رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے، لیکن راولپنڈی، اٹک، چکوال اور جہلم میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔

خیبرپختونخوا کے کئی علاقوں جیسے چترال، سوات، دیر اور پشاور میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جب کہ بلوچستان کے بعض اضلاع میں بھی بارش متوقع ہے۔

سندھ میں موسم زیادہ تر گرم اور خشک رہے گا، تاہم، بعد از دوپہر کچھ بالائی اضلاع میں جھکڑ چلنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے مزید بتایا کہ 27 مارچ تک بالائی اور وسطی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے، اور پہاڑی علاقوں میں برفباری اور ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔
 
 
 

مزیدخبریں