واشنگٹن : امریکی وزارت خارجہ کی اردو ترجمان مارگریٹ میکلاؤڈ نے وضاحت کی ہے کہ پاکستانیوں پر امریکا میں داخلے پر پابندی سے متعلق ابھی تک کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ صدر ٹرمپ نے 20 جنوری کو ایک صدارتی حکم جاری کیا تھا، جس کے تحت ویزا پروگرام پر دوبارہ نظرثانی کی جائے گی۔ اس کا مقصد امریکا کو غیر ملکی دہشت گردوں سے محفوظ رکھنا ہے۔
مارگریٹ میکلاؤڈ نے مزید کہا کہ ویزا پابندیوں سے متعلق ابھی مختلف ممالک سے معلومات کا تبادلہ جاری ہے۔ اس کے علاوہ، صدر ٹرمپ نے اپنے خطاب میں پاکستان کے تعاون کو سراہا تھا اور کہا تھا کہ امریکا میں آباد پاکستانی کمیونٹی ہمارے معاشرے کا ایک اہم حصہ ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر کوئی امریکا میں داخلے کی درخواست دے رہا ہے تو اسے تمام معلومات صحیح اور درست فراہم کرنی چاہیے، کیونکہ غیر قانونی طریقے سے امریکا میں داخل ہونے پر سزا مل سکتی ہے۔