قاہرہ : مصر نے غزہ میں جنگ بندی کے لیے نئی تجاویز پیش کی ہیں، جو اسرائیل کے غزہ پر دوبارہ حملے شروع کرنے کے بعد سامنے آئی ہیں۔ مصر کی تجویز کے مطابق، حماس ہر ہفتے پانچ اسرائیلی یرغمالیوں کو رہا کرے گی، اور پھر اسرائیل جنگ بندی کے دوسرے مرحلے پر عمل کرے گا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق، امریکا اور حماس نے اس تجویز کو قبول کر لیا ہے، مگر اسرائیل کی طرف سے ابھی تک کوئی جواب نہیں آیا۔ حماس کے ایک عہدیدار نے اس تجویز کی براہ راست تصدیق نہیں کی، لیکن کہا کہ مذاکرات کے دوران کئی تجاویز پر بات ہو رہی ہے تاکہ جنگ بندی کے دوسرے مرحلے پر متفقہ طور پر عمل کیا جا سکے۔
نئی تجاویز میں اسرائیل کے مکمل انخلا کے لیے ایک ٹائم لائن بھی شامل ہے، جس کی ضمانت امریکا دے گا اور یہ معاہدہ یرغمالیوں کی رہائی کے بدلے طے پائے گا۔ فلسطینی حکام کے مطابق، گزشتہ ہفتے اسرائیل کے دوبارہ حملے شروع کرنے کے بعد سے غزہ میں تقریباً 700 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، جن میں 400 سے زائد خواتین اور بچے شامل ہیں۔ حماس کے مطابق، اس کے کئی اعلیٰ رہنما بھی ان حملوں میں شہید ہو چکے ہیں۔