لاہور:چیئرمین پاکستان علماء کونسل و کوارڈینیٹر وزیر اعظم، حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ الحمدللہ ملک بھر میں محرم الحرام کے ایام امن و امان، سلامتی اور رواداری کے ساتھ گزر رہے ہیں اور ملک میں 'پیغامِ پاکستان' ضابطہ اخلاق پر سختی سے عمل ہو رہا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ سوشل میڈیا کے حوالے سے جو چند شکایات موصول ہوئی ہیں، ان پر قانون کے مطابق کارروائی جاری ہے۔
اپنے ایک بیان میں قومی پیغامِ امن کمیٹی حکومتِ پاکستان کے سربراہ نے اعلان کیا کہ کل جمعۃ المبارک کے خطبات، مجالس اور کانفرنسیں 'پیغامِ سیدنا امام حسین رضی اللہ عنہ، پیغامِ امن و سلامتی، وحدت و اتحاد اور رواداری' کے عنوان پر ہوں گی۔
انہوں نے تمام مکاتبِ فکر کے علماء و مشائخ، ذاکرین، واعظین، خطباء اور عوام الناس سے اپیل کی کہ وہ تحمل، برداشت اور رواداری کا راستہ اپناتے ہوئے ایک دوسرے کے ساتھ مکمل تعاون کریں اور کسی بھی قسم کے شر پسند کو شرپسندی کا موقع نہ دیں۔
حافظ طاہر اشرفی نے سکیورٹی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اور سلامتی کے اداروں سے مکمل تعاون کیا جائے، جلوسوں کے روٹ اور وقت کا خاص خیال رکھا جائے اور باہمی مفاہمت، رواداری اور محبت سے ذکرِ سیدنا امام حسین رضی اللہ عنہ کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر کہیں بھی کوئی مشکل پیش آتی ہے تو فوری طور پر مقامی انتظامیہ، مقامی پولیس اور امن کمیٹیوں کے ممبران سے رابطہ کریں، کیونکہ قومی اور صوبائی امن کمیٹیاں تمام مکاتبِ فکر کی قیادت سے مسلسل رابطے میں ہیں۔