اسلام آباد: حج 2027 کے لیے آن لائن رجسٹریشن کا عمل جاری ہے اور ابتدائی تین روز کے دوران 80 ہزار افراد نے اپنی رجسٹریشن مکمل کرا لی ہے، جس سے فریضۂ حج کی ادائیگی کے لیے عوام کی بھرپور دلچسپی کا اظہار ہوتا ہے۔
حج مینجمنٹ سسٹم کے مطابق رجسٹریشن کرانے والے عازمین میں کراچی سے روانگی کے خواہشمند افراد کی تعداد سب سے زیادہ ہے، جبکہ لاہور دوسرے اور اسلام آباد تیسرے نمبر پر ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق رجسٹرڈ عازمین میں 47 ہزار مرد اور 33 ہزار خواتین شامل ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ حج رجسٹریشن کا عمل سرکاری تعطیلات کے دوران بھی بلا تعطل جاری رہے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔
وزارتِ مذہبی امور کے مطابق حج اخراجات، مختلف پیکجز اور دیگر متعلقہ تفصیلات دوسرے مرحلے میں جاری کی جائیں گی، جس کے بعد عازمین کو مزید رہنمائی فراہم کی جائے گی