توانائی کے شعبے میں پاک ترک شراکت داری مزید مضبوط، اداروں کے درمیان 3 معاہدے طے

07:05 PM, 25 Jun, 2026

استنبول: پاکستان اور ترکیہ کے توانائی شعبے سے متعلق اداروں نے باہمی تعاون کو فروغ دینے کے لیے تین مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کر دیے ہیں۔ معاہدوں پر دستخط استنبول میں اعلیٰ سطحی مشاورتی اجلاس کے دوران کیے گئے۔

مفاہمتی یادداشتوں کے تحت دونوں ممالک کے ادارے پاور سسٹم آپریشنز، بجلی کی ترسیل کے منصوبوں، تقسیم کے نظام کی بہتری اور ڈیجیٹلائزیشن کے شعبوں میں تعاون کریں گے۔

دونوں ممالک کے توانائی اداروں کے درمیان تجربات، تکنیکی معلومات اور آپریشنل طریقہ کار کا تبادلہ کیا جائے گا، جس سے توانائی کے نظام کو مزید مؤثر بنانے میں مدد ملے گی۔

وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا کہ پاکستان توانائی کے شعبے میں اصلاحات اور ادارہ جاتی بہتری کے لیے ترکیہ کے تجربات سے استفادہ کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاک ترک تعاون سے توانائی کے شعبے میں کارکردگی، خدمات کی فراہمی اور گورننس کے معیار کو مزید بہتر بنایا جا سکے گا۔

مزیدخبریں