واشنگٹن: امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ آبنائے ہرمز کے معاملے پر واضح مؤقف رکھتے ہیں، کسی ملک کو اس اہم عالمی آبی گزرگاہ پر ٹیکس یا اضافی فیس عائد کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
مارکو روبیو کے مطابق ایران کے ساتھ ممکنہ معاہدے سے متعلق تکنیکی امور پر بات چیت جاری ہے، جبکہ خلیجی ممالک کے ساتھ بھی تعمیری رابطے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خلیجی ممالک نے اپنی تشویش اور تحفظات سے امریکا کو آگاہ کیا ہے۔
امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ عراق، لبنان اور حماس کو ایرانی حکومت کی حمایت حاصل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خطے کی صورتحال سمیت ایران کے ساتھ مذاکراتی عمل پر مسلسل غور کیا جا رہا ہے۔
وینزویلا میں زلزلے سے متعلق مارکو روبیو نے کہا کہ قدرتی آفت سے بڑے پیمانے پر نقصان ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا مشکل وقت میں وینزویلا کے عوام کے ساتھ کھڑا ہے اور امدادی کارروائیوں کے لیے ٹیمیں روانہ کر دی گئی ہیں۔
روبیو نے مزید کہا کہ وینزویلا کو ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی، جبکہ امریکا خطے میں امن و استحکام کے لیے اپنے اتحادیوں کے ساتھ رابطے جاری رکھے گا۔