فیلڈ مارشل عاصم منیر کی تعریف، پاکستانی قیادت کو سراہتے ہوئے امریکی صدر ٹرمپ کا اہم بیان

08:10 PM, 25 Jun, 2025

دی ہیگ: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نیٹو سمٹ کے اختتام پر کہا ہے کہ پاکستان کے فیلڈ مارشل عاصم منیر ایک قابل احترام اور متاثر کن شخصیت ہیں، جن سے ان کی ملاقات ہوئی۔

ٹرمپ نے کہا کہ انہوں نے پاکستان اور بھارت کے درمیان ممکنہ جنگ کو روکنے میں اہم کردار ادا کیا ہے، کیونکہ دونوں ملک جوہری طاقتیں ہیں۔ انہوں نے دونوں ممالک کو باہمی تجارت بڑھانے کی بھی تاکید کی۔

امریکی صدر نے ایرانی جوہری تنصیبات پر کیے گئے حملے کی تفصیلات دیتے ہوئے کہا کہ یہ تنصیبات مکمل تباہ ہو چکی ہیں اور گزشتہ ہفتے کامیاب کارروائی ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ اس حملے کے باعث ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی ہوئی اور آئندہ دوبارہ جنگ کا امکان کم ہے۔

ٹرمپ نے امریکی میڈیا پر تنقید کرتے ہوئے نیو یارک ٹائمز اور سی این این کی خبروں کو بے بنیاد اور فیک نیوز قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ امریکی فوج نے ایرانی جوہری تنصیبات پر میزائل داغے، جس سے ایران کی جوہری صلاحیتیں ختم ہو گئی ہیں۔

قطر میں ہوئے میزائل حملوں کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ امریکی ایئر بیس پہلے ہی خالی کروا لیا گیا تھا اور حملوں کا کوئی نقصان نہیں ہوا۔

نیٹو اجلاس کو کامیاب قرار دیتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ اتحادی ممالک کو اپنے دفاعی بجٹ میں اضافہ کرنا چاہیے اور کم از کم 5 فیصد دفاع پر خرچ کریں۔

امریکی صدر نے کہا کہ ایران نے بہادری سے لڑائی کی ہے اور اگلے ہفتے مذاکرات کے امکانات موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایران کی تعمیر نو کے لیے مالی امداد ضروری ہے اور چین کو تیل خریدنے کی آزادی حاصل ہے۔

انہوں نے روسی صدر پیوٹن اور یوکرینی صدر زیلنسکی کے ساتھ تعلقات میں مسائل کا اعتراف کیا اور سعودی عرب و متحدہ عرب امارات کی جانب سے سرمایہ کاری کے وعدوں کا بھی ذکر کیا۔

مزیدخبریں