لاہور :وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ جو شخص سابق وزیراعظم نواز شریف کو سیاست سے نکالنے کی کوشش کر رہا تھا، وہ آج خود اپنی ہی جماعت میں تنہا اور کمزور ہو چکا ہے۔
ایک بیان میں عظمیٰ بخاری نے کہا کہ بانی تحریک انصاف عمران خان اب پارٹی کے اندرونی اختلافات کا شکار ہیں، اور ان کے قریبی رفقاء بشمول ان کی بہن علیمہ خان بھی ان کے خلاف صف بندی کر چکے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ علیمہ خان اور پی ٹی آئی کا سوشل میڈیا ونگ، خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور کے خلاف باتیں کررہے ہیں
انہوں نے مزید کہا کہ پارٹی کی اندرونی تقسیم واضح ہو چکی ہے۔ وفاق اور خیبرپختونخوا دونوں سطحوں پر تحریک انصاف کئی گروپوں میں بٹ چکی ہے۔ کے پی میں جنید اکبر، عاطف خان اور دیگر باغی رہنماؤں کی قیادت میں مختلف گروپ متحرک ہیں، جو پارٹی میں قیادت کے بحران کی علامت ہیں۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ علی امین گنڈاپور نے بجٹ منظور کروا کر وقتی طور پر اپنی پوزیشن بچائی ہے، بصورت دیگر آئینی اعتبار سے ان کا عہدہ خطرے میں تھا۔ انہوں نے خیبرپختونخوا کی حکمرانی پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 12 سال سے وہاں عوام نااہل اور کرپٹ عناصر کے رحم و کرم پر ہیں۔
پنجاب حکومت کی کارکردگی پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنجاب آج ملک میں میرٹ، شفافیت اور اچھی حکمرانی کا نمونہ بن چکا ہے، اور وزیراعلیٰ مریم نواز تمام وزرائے اعلیٰ میں سرفہرست ہیں۔