لاہور: پنجاب بھر میں مون سون کی بارشیں شروع ہو گئی ہیں جو یکم جولائی تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ کئی اضلاع میں تیز آندھی، گرج چمک اور موسلا دھار بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق راولپنڈی، مری، گلیات، گوجرانوالہ، جہلم، چکوال، اور منڈی بہاؤالدین جیسے علاقوں میں بارشوں کا زور زیادہ ہو سکتا ہے۔ جنوبی پنجاب کے اضلاع ملتان، ڈیرہ غازی خان، بہاولپور اور بہاولنگر میں 26 سے 28 جون کے درمیان بارشیں متوقع ہیں۔
ریلیف کمشنر نبیل جاوید نے تمام اضلاع کی انتظامیہ کو ہدایت دی ہے کہ وہ کسی بھی ایمرجنسی کے لیے تیار رہیں۔ ریسکیو، واسا، محکمہ صحت، اور دیگر اداروں کو بھی الرٹ کر دیا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کے سربراہ عرفان علی کاٹھیا کا کہنا ہے کہ اس سال معمول سے 25 فیصد زیادہ بارشیں ہو سکتی ہیں۔ انہوں نے شہریوں سے کہا ہے کہ خراب موسم میں غیر ضروری سفر سے بچیں اور محفوظ مقامات پر رہیں۔
سیاحوں کو بھی مشورہ دیا گیا ہے کہ مری اور دیگر پہاڑی علاقوں کا سفر کرتے ہوئے موسم کا خاص خیال رکھیں، کیونکہ لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ موجود ہے۔