راولپنڈی: وطن کے لیے جان کا نذرانہ پیش کرنے والے میجر سید معیز عباس شاہ کی نمازِ جنازہ چکلالہ گیریژن راولپنڈی میں ادا کر دی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق نماز جنازہ میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وفاقی وزیر داخلہ اور اعلیٰ فوجی و سول حکام نے شرکت کی اور شہید کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ میجر معیز عباس نے بڑی دلیری سے لڑتے ہوئے شہادت پائی۔ وہ اپنی جان کا نذرانہ دے کر وطن سے وفاداری، قربانی اور بہادری کی روشن مثال چھوڑ گئے۔ انہوں نے کہا کہ قوم اپنے شہداء کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی، کیونکہ یہی قربانیاں ہماری یکجہتی اور سلامتی کی بنیاد ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شہید کی میت ان کے آبائی علاقے روانہ کر دی گئی ہے، جہاں انہیں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز جنوبی وزیرستان کے علاقے سراروغہ میں دہشتگردوں سے جھڑپ کے دوران میجر معیز عباس اور لانس نائیک جبران اللہ شہید ہو گئے تھے۔ دونوں جوانوں نے جانیں دے کر دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا۔