جنوبی غزہ میں فلسطینیوں کی جوابی کارروائی، 7 اسرائیلی فوجی ہلاک

10:55 AM, 25 Jun, 2025

غزہ : جنوبی غزہ میں فلسطینی مزاحمت کاروں نے ایک مؤثر کارروائی کرتے ہوئے اسرائیلی فوج کے 7 اہلکاروں کو ہلاک کر دیا، جن میں ایک کمانڈر بھی شامل تھا۔ رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ خان یونس کے علاقے میں پیش آیا جہاں اسرائیلی فوجیوں کی گاڑی کے نیچے نصب بم پھٹنے سے شدید دھماکہ ہوا اور گاڑی میں آگ لگ گئی، جس کے نتیجے میں تمام فوجی مارے گئے۔

اسرائیلی فوج نے تصدیق کی ہے کہ یہ واقعہ منگل کو پیش آیا، جبکہ ایک اور علیحدہ واقعے میں جنوبی غزہ ہی میں ایک اسرائیلی فوجی زخمی ہوا ہے۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق رواں ماہ کے آغاز سے اب تک غزہ میں 19 اسرائیلی فوجی ہلاک ہو چکے ہیں۔ جبکہ ترک میڈیا اور اسرائیلی اخبار یدیعوت احارونوت کے مطابق جنگ کے آغاز سے اب تک 10 ہزار سے زیادہ فوجی یا تو مارے جا چکے ہیں یا زخمی ہوئے ہیں، اور بڑی تعداد ذہنی دباؤ اور صدمے سے بھی دوچار ہے۔

سرکاری طور پر اسرائیل نے 861 فوجیوں کی ہلاکت اور 5,921 کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے، تاہم غیر سرکاری اندازوں کے مطابق اصل تعداد کہیں زیادہ ہو سکتی ہے۔

دوسری طرف، اسرائیل کی جانب سے غزہ پر ظلم و بربریت کا سلسلہ جاری ہے۔ گزشتہ روز کم از کم 86 فلسطینی شہید کیے گئے، جن میں رفح میں خوراک کی تلاش میں نکلے 27 افراد شامل تھے جنہیں اسرائیلی فوج نے گولیاں مار کر شہید کر دیا۔

اسرائیلی فوج کے سربراہ ایال زمیر کا کہنا ہے کہ ایران کے خلاف مہم کا ایک اہم مرحلہ مکمل ہو چکا ہے، لیکن کارروائیاں ابھی جاری رہیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اب دوبارہ غزہ پر حملوں پر توجہ دی جائے گی تاکہ حماس کا کنٹرول ختم کیا جا سکے اور اسرائیلی یرغمالیوں کو بازیاب کرایا جا سکے۔

اسرائیلی مظالم کے خلاف دنیا بھر میں آوازیں بلند ہو رہی ہیں۔ بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں بھی فلسطین کے حق میں مظاہرہ کیا گیا، جہاں مظاہرین نے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر "اسرائیل قوم نہیں، دہشت گرد ہے" اور "بھوک دینا جنگی جرم ہے" جیسے نعرے درج تھے۔ مظاہرین نے فوری جنگ بندی اور مودی حکومت سے اسرائیل کے خلاف سخت مؤقف اپنانے کا مطالبہ کیا۔

مزیدخبریں