واشنگٹن : امریکہ کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو 2026 کے نوبیل امن انعام کے لیے سرکاری طور پر نامزد کر دیا گیا ہے۔ امریکی میڈیا کے مطابق یہ نامزدگی جارجیا سے ریپبلکن رکنِ کانگریس بڈی کارٹر نے کی ہے، جنہوں نے نوبیل کمیٹی کو ایک خط لکھ کر ٹرمپ کے کردار کو "تاریخی" اور "غیر معمولی" قرار دیا ہے۔
بڈی کارٹر نے اپنے خط میں لکھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے نہ صرف دنیا میں دہشتگردی کو ریاستی سطح پر فروغ دینے والے ملک کو مہلک ہتھیار حاصل کرنے سے روکا، بلکہ اسرائیل اور ایران کے درمیان جاری تنازع کو ختم کروانے میں بھی اہم کردار ادا کیا۔ ان اقدامات کو دیکھتے ہوئے اُنہیں نوبیل امن انعام کے لیے نامزد کیا جانا چاہیے۔
اس سے قبل پاکستان بھی ٹرمپ کے حق میں نوبیل کمیٹی کو خط لکھ چکا ہے، جس میں کہا گیا تھا کہ ان کی مداخلت سے پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ کا خطرہ ٹل گیا تھا۔