پی ٹی اے نے واٹس ایپ اکاؤنٹس کی سیکیورٹی کے لیے اہم ایڈوائزری جاری کر دی

09:31 PM, 25 Jul, 2026

اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے واٹس ایپ استعمال کرنے والے شہریوں کے لیے ایک نیا سیکیورٹی الرٹ جاری کرتے ہوئے انہیں ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے اکاؤنٹس کو ہیکنگ، آن لائن دھوکہ دہی اور سائبر حملوں سے محفوظ رکھنے کے لیے فوری طور پر ضروری حفاظتی اقدامات اختیار کریں۔

پی ٹی اے کے مطابق سائبر جرائم میں ملوث عناصر مسلسل واٹس ایپ صارفین کے اکاؤنٹس تک رسائی حاصل کرنے کی کوشش کرتے رہتے ہیں، اس لیے صارفین کو اپنے اکاؤنٹ کی حفاظت کو ترجیح دینی چاہیے اور دستیاب سیکیورٹی فیچرز سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے۔

اتھارٹی نے صارفین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ واٹس ایپ میں موجود سیکیورٹی نوٹیفکیشنز کا آپشن لازمی فعال کریں۔ اس کے لیے واٹس ایپ کی Settings میں جا کر Account اور پھر Security Notifications کے سیکشن میں Show Security Notifications کو آن کیا جائے۔ اس فیچر کی بدولت اکاؤنٹ کی سیکیورٹی سے متعلق ہونے والی ہر اہم تبدیلی کی فوری اطلاع موصول ہوگی۔

پی ٹی اے نے مزید کہا کہ واٹس ایپ اکاؤنٹ کے ساتھ ایک قابلِ اعتماد اور فعال ای میل ایڈریس ضرور منسلک رکھا جائے تاکہ اگر اکاؤنٹ کسی وجہ سے متاثر ہو جائے یا ہیک ہو جائے تو اسے بحال کرنے کا عمل آسان بنایا جا سکے۔

بیان میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ ٹو اسٹیپ ویریفکیشن کو فعال کرنا انتہائی ضروری ہے کیونکہ یہ اضافی سیکیورٹی کوڈ اکاؤنٹ کو غیر مجاز افراد کی رسائی سے محفوظ رکھنے میں مؤثر ثابت ہوتا ہے۔

پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ اگر صارفین چند بنیادی احتیاطی تدابیر اختیار کریں تو وہ نہ صرف اپنے ذاتی ڈیٹا، رابطوں اور نجی معلومات کو محفوظ رکھ سکتے ہیں بلکہ سائبر فراڈ اور ممکنہ مالی نقصانات سے بھی خود کو بچا سکتے ہیں۔
 
 
 
 

مزیدخبریں