کیلیفورنیا: میٹا نے اگرچہ 2023 میں انسٹاگرام اور فیس بک صارفین کے لیے ماہانہ سبسکرپشن کے تحت میٹا ویریفائیڈ سروس متعارف کرائی تھی، جس کے ذریعے ادائیگی کے بعد بلیو ٹک حاصل کیا جا سکتا تھا، تاہم اب کمپنی نے ایک نئی مفت سہولت کا اعلان کیا ہے۔
نئے نظام کے تحت فیس بک صارفین بغیر کسی سبسکرپشن یا فیس کے اپنے اکاؤنٹ کی تصدیق کروا سکیں گے اور انہیں ایک خصوصی ویریفکیشن بیج جاری کیا جائے گا۔
کمپنی کے مطابق تصدیقی عمل کے لیے صارف کو اپنی ایک سیلفی دینا ہوگی، جسے مصنوعی ذہانت پر مبنی فیشل ریکگنیشن ٹیکنالوجی کے ذریعے پروفائل پر موجود تصاویر سے ملا کر شناخت کی تصدیق کی جائے گی۔ میٹا کا کہنا ہے کہ یہ پورا عمل چند ہی منٹوں میں مکمل ہو جاتا ہے۔
اس سہولت سے صرف 18 برس یا اس سے زائد عمر کے افراد استفادہ کر سکیں گے۔
تصدیق مکمل ہونے کے بعد صارف کے نام کے ساتھ فیس بک کے مختلف فیچرز اور سروسز پر ایک ویریفکیشن بیج نمایاں ہوگا۔
میٹا نے واضح کیا ہے کہ یہ بیج روایتی بلیو ٹک نہیں ہوگا بلکہ صرف یہ ظاہر کرے گا کہ متعلقہ اکاؤنٹ کسی حقیقی شخص کا ہے۔ اس بیج کو کسی فرد کی شہرت، ساکھ یا سرکاری حیثیت کا ثبوت تصور نہیں کیا جائے گا۔
کمپنی کے مطابق اس نئی سہولت کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہے کہ صارفین کو شناختی بیج حاصل کرنے کے لیے کسی قسم کی ادائیگی نہیں کرنا پڑے گی۔