کوئٹہ: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کوئٹہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے ملاقات کی۔ ملاقات میں صوبے میں امن و امان کی صورتحال، سیکیورٹی اقدامات اور درپیش چیلنجز پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
بعد ازاں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی مشترکہ صدارت میں امن و امان سے متعلق اعلیٰ سطح اجلاس منعقد ہوا، جس میں متعلقہ حکام نے صوبے کی سیکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دی۔
اجلاس میں بلوچستان میں انسداد دہشت گردی فورس اور پولیس کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو مزید مؤثر بنانے کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ شرکاء نے امن کے قیام کے لیے اداروں کے درمیان تعاون بڑھانے اور سیکیورٹی نظام کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ بلوچستان میں پائیدار امن کا قیام وفاقی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اور اس مقصد کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بحالی امن کے لیے ماسٹر پلان پر فوری اور مؤثر عمل درآمد ناگزیر ہے۔