اسلام آباد :وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے برطانوی ہاؤس آف لارڈز کے رکن لارڈ ضمیر چوہدری نے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات، خطے کی صورتحال اور باہمی تعاون کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران لارڈ ضمیر چوہدری نے خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی جانب سے علاقائی استحکام کے لیے کیے گئے اقدامات قابلِ تعریف ہیں۔
محسن نقوی نے کہا کہ حکومت کی مثبت پالیسیوں کے باعث پاکستان میں سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں پائیدار امن، استحکام اور ترقی کے لیے اپنی سفارتی اور مشترکہ کوششیں جاری رکھے گا۔
ملاقات میں پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تعاون کو مزید وسعت دینے اور باہمی روابط مضبوط بنانے کے عزم کا بھی اظہار کیا گیا۔