ٹرمپ نے میکرون کے فلسطینی ریاست تسلیم کرنے کے اعلان کو مسترد کر دیا

11:51 PM, 25 Jul, 2025

واشنگٹن/پیرس/ریاض: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فرانسیسی صدر ایمانوئیل میکرون کی طرف سے فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کے اعلان کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ میکرون کی اس بات کا کوئی خاص وزن نہیں۔ صدر ٹرمپ نے میکرون کو ایک شائستہ شخص قرار دیا لیکن ان کے اس اعلان کو کوئی عملی اثرات مرتب کرنے والا نہیں سمجھا۔

غیر ملکی ذرائع کے مطابق، صدر ٹرمپ نے کہا کہ میکرون کا انداز مختلف ہے اور وہ بعض اوقات ٹیم کے ساتھ چلتے ہیں، تاہم ان کے اس فیصلے سے کوئی خاص تبدیلی نہیں آئے گی۔

دوسری جانب سعودی عرب نے فرانس کے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ فلسطینی عوام کے جائز حقوق کی حمایت اور خطے میں امن کی کوششوں کی عکاسی ہے۔ سعودی وزارت خارجہ نے دیگر ممالک سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ بھی فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے جیسے مثبت اقدامات اٹھائیں تاکہ مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن ممکن ہو سکے۔

اسی طرح، اسپین نے بھی میکرون کے اس اعلان کو سراہتے ہوئے اسے خطے میں امن قائم کرنے کی طرف ایک اہم قدم قرار دیا، کیونکہ اسپین پہلے ہی فلسطین کو ایک خودمختار ریاست کے طور پر تسلیم کر چکا ہے۔

مزیدخبریں