بنکاک :غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق، تھائی حکومت نے کمبوڈیا کے ساتھ سرحد پر جاری کشیدگی اور حالیہ تصادم کے بعد سیکیورٹی اقدامات کے تحت مارشل لاء نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
تھائی فوج کے بارڈر ڈیفنس کمانڈ کے سربراہ کے مطابق، چنتھابوری کے سات اور تراٹ صوبے کے ایک ضلع میں مارشل لاء کا نفاذ عمل میں لایا گیا ہے، تاکہ علاقے میں امن و نظم و ضبط کو یقینی بنایا جا سکے۔
حکام کا کہنا ہے کہ سرحدی تنازع میں شدت آ رہی ہے اور یہ صورتحال کسی بڑی مسلح جھڑپ یا جنگ کی شکل اختیار کر سکتی ہے۔ جھڑپوں میں اب تک 16 افراد جان سے جا چکے ہیں، جب کہ ہزاروں افراد نقل مکانی پر مجبور ہو گئے ہیں۔
مارشل لاء کے نفاذ کا مقصد مقامی آبادی کا تحفظ، کسی بھی غیر معمولی صورتحال سے نمٹنے کی تیاری اور سرحدی امن کو برقرار رکھنا ہے۔ سیکیورٹی فورسز نے ان علاقوں میں اپنی موجودگی کو مزید مضبوط کر لیا ہے۔