واشنگٹن میں اہم سفارتی ملاقات: پاک-امریکا تجارت، امن و استحکام پر تبادلہ خیال

08:59 PM, 25 Jul, 2025

واشنگٹن:امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں نائب وزیرِاعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کے درمیان ایک اہم سفارتی ملاقات ہوئی، جس میں دونوں ممالک نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے، خطے میں امن کے فروغ، اور انسدادِ دہشتگردی سمیت دیگر شعبوں میں عملی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔

امریکی محکمہ خارجہ پہنچنے پر اسحاق ڈار کا اعلیٰ حکام نے خیرمقدم کیا، جبکہ ملاقات میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ سمیت دونوں جانب سے سینئر حکام نے شرکت کی۔

یہ دونوں وزرائے خارجہ کے درمیان پہلی بالمشافہ ملاقات تھی۔ اس موقع پر تجارت، سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی، زراعت، معدنیات، اور ڈیجیٹل شعبوں میں باہمی تعاون پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

اسحاق ڈار نے امریکی قیادت کی جانب سے امن و استحکام کے لیے کی جانے والی کوششوں کو سراہا، خصوصاً پاک-بھارت کشیدگی کے دوران ثالثی کردار پر امریکی صدر کی کوششوں کی تعریف کی۔

مارکو روبیو نے دہشتگردی کے خلاف پاکستان کی لازوال قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے عالمی و علاقائی امن میں ہمیشہ ذمہ دارانہ اور مثبت کردار ادا کیا ہے۔

دونوں فریقین نے تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، اور دیگر کلیدی شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے اور موجودہ سفارتی ڈائیلاگ کو آگے بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ امریکا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی دونوں ممالک کے درمیان دوستی کا ایک مضبوط پُل ہے۔

ملاقات خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی، جس میں مشترکہ اہداف کے لیے مسلسل رابطے برقرار رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔

 
 

مزیدخبریں