آڈٹ رپورٹ: تقسیم کار کمپنیوں کی اووربلنگ اور مالی بے ضابطگیاں بے نقاب

07:13 PM, 25 Jul, 2025

اسلام آباد:آڈٹ جنرل آف پاکستان کی تازہ ترین رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ آٹھ تقسیم کار کمپنیوں نے سال 2023-24 کے دوران صارفین کو 90 کروڑ 46 لاکھ اضافی یونٹس کا بل ارسال کیا۔ اس کے ساتھ ہی ان کمپنیوں کے مالی کھاتوں میں بے ضابطگیاں بھی سامنے آئی ہیں۔

اووربلنگ کی یہ واردات آئیسکو، لیسکو، حیسکو، میپکو، پیسکو، کیسکو، سیپکو اور ٹیسکو میں سامنے آئی ہے۔ پانچ کمپنیوں نے صارفین کو 47.81 ارب روپے کی اووربلنگ کی، اور صرف ایک ماہ میں 2 لاکھ 78 ہزار 649 صارفین کو 47 ارب 81 کروڑ کا اضافی بل بھیجا گیا۔

رپورٹ کے مطابق، لائن لاسز پورا کرنے کے لیے اضافی لوڈ کی مد میں 22 ارب روپے کی اووربلنگ کی گئی۔ کیسکو کی جانب سے زرعی صارفین کو 148 ارب روپے سے زائد کی اووربلنگ کا انکشاف بھی کیا گیا ہے۔

غلط میٹر ریڈنگ کے نتیجے میں صارفین کو 5.29 ارب روپے کی اووربلنگ واپس کی گئی، جب کہ پیسکو نے 2.18 ارب روپے کی ملٹی کریڈٹ ایڈجسٹمنٹ فراہم کی۔

تقسیم کار کمپنیوں نے 1432 فیڈرز پر 18 ارب 64 کروڑ روپے کا اضافی بل بھیجا۔ موجودہ حکومت اووربلنگ اور غلط میٹر ریڈنگ کے مسائل کو حل کرنے کے لیے اصلاحات کر رہی ہے۔

پاور ڈویژن اووربلنگ سسٹم میں شفافیت لانے کے لیے اقدامات کر رہا ہے۔ یہ رپورٹ پچھلے مالی سال کی ہے، جب زیادہ تر دورانیہ نگران حکومت کے زیر انتظام تھا۔
 

مزیدخبریں