گوجر خان: تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال کے بیت الخلا میں خواتین کی نجی ویڈیوز بنانے والے پولیس ہیڈ کانسٹیبل کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق ملزم پنجاب پولیس کے لاہور دفتر میں تعینات ہے اور اس کے موبائل فون سے متعدد نازیبا ویڈیوز برآمد ہوئی ہیں جنہیں فرانزک کے لیے بھیجا گیا ہے۔
ابتدائی تفتیش میں معلوم ہوا ہے کہ ملزم پر پہلے بھی سنگین نوعیت کے الزامات تھے، تاہم وہ کیس ختم ہونے کے بعد دوبارہ خدمات انجام دے رہا تھا۔ پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے سخت قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔
تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ نے تصدیق کی ہے کہ بیت الخلا میں کیمرے نصب نہیں ہیں اور معاملہ پولیس کی تحقیقات کے دائرے میں ہے۔