نیب کی کارروائی، کوہستان کرپشن کیس میں ایک ارب 45 کروڑ روپے کی واپسی کا معاہدہ

05:05 PM, 25 Jul, 2025

پشاور :کوہستان میں اربوں روپے کے کرپشن کے بڑے کیس میں نیب نے اہم پیش رفت کرتے ہوئے مرکزی ملزم محمد ایوب کی پلی بارگین کی درخواست منظور کر لی ہے۔ ملزم نے ایک ارب 45 کروڑ روپے کی رقم واپس کرنے پر رضامندی ظاہر کی ہے جسے چیئرمین نیب نے بھی منظور کر لیا ہے۔

نیب ذرائع کے مطابق محمد ایوب پر مجموعی طور پر 3 ارب 45 کروڑ روپے کی بینک ٹرانزیکشنز کا الزام ہے۔ تحقیقات میں یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ ملزم نے اسلام آباد، ایبٹ آباد اور مانسہرہ میں کروڑوں روپے مالیت کی جائیدادیں خریدی تھیں، جنہیں نیب نے منجمد کر دیا ہے اور جلد نیلامی کا عمل شروع کیا جائے گا۔

نیب کا کہنا ہے کہ پلی بارگین کی منظوری کے بعد درخواست تین روز کے اندر احتساب عدالت میں پیش کی جائے گی

یہ کرپشن کیس خیبرپختونخوا کے ضلع کوہستان میں ترقیاتی منصوبوں میں مبینہ خوردبرد اور جعلی ٹھیکوں کے ذریعے تقریباً 40 ارب روپے کے نقصان سے متعلق ہے۔ نیب نے اس کیس میں مزید گرفتاریوں اور ریکوری کے اقدامات بھی جاری رکھے ہوئے ہیں۔

مزیدخبریں