فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا چین کا سرکاری دورہ، بیجنگ میں اعلیٰ سیاسی و عسکری قیادت سے ملاقاتیں کیں، آئی ایس پی آر

02:28 PM, 25 Jul, 2025

بیجنگ:فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے چین کا سرکاری دورہ کیا، جہاں انہوں نے چین کی اعلیٰ سیاسی اور عسکری قیادت سے ملاقاتیں کیں۔ ملاقاتوں میں دونوں ممالک نے ایک بار پھر اس بات کا اعادہ کیا کہ پاک چین اسٹریٹجک شراکت داری مضبوط اور دیرپا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے چین کے نائب صدر اور وزیر خارجہ سے اہم ملاقاتیں کیں جن میں علاقائی و عالمی سیاسی حالات، سی پیک میں تعاون، اور درپیش جغرافیائی و سیاسی چیلنجز پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔ ملاقاتوں میں خودمختاری، باہمی ترقی اور خطے میں امن و استحکام کے لیے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

دورے کے دوران فیلڈ مارشل نے چین کے سینٹرل ملٹری کمیشن کے نائب چیئرمین، پیپلز لبریشن آرمی (PLA) کے سیاسی امور کے سربراہ، اور چیف آف اسٹاف سے بھی ملاقاتیں کیں۔ جب وہ پی ایل اے آرمی ہیڈکوارٹرز پہنچے تو انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، جو پاک چین دفاعی تعلقات کی اہمیت کو ظاہر کرتا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ان ملاقاتوں میں دفاع اور سکیورٹی کے شعبوں میں تعاون، مشترکہ تربیت، ادارہ جاتی روابط کو مزید بہتر بنانے، اور دفاعی ٹیکنالوجی میں جدت کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں ممالک نے روایتی اور ہائبرڈ خطرات سے نمٹنے کے لیے دفاعی اشتراک بڑھانے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔

چینی قیادت نے جنوبی ایشیا میں قیامِ امن کے لیے پاک فوج کے کردار کو سراہا اور پاکستان کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھنے کا عندیہ دیا۔

یہ دورہ پاکستان اور چین کے گہرے باہمی اعتماد، دفاعی اشتراک اور خطے میں مشترکہ امن کی کوششوں کو مزید مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم قدم ثابت ہوا ہے۔

مزیدخبریں