وزیرِ اعظم شہباز شریف سے عافیہ صدیقی کی بہن ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کی ملاقات

01:49 PM, 25 Jul, 2025

اسلام آباد :  وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے معاملے میں مکمل طور پر متحرک ہے اور اس سلسلے میں وزیر قانون کی قیادت میں ایک خصوصی کمیٹی بنا دی گئی ہے جو ڈاکٹر عافیہ کی بہن ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کے ساتھ رابطے میں رہے گی اور کیس کی پیشرفت کے لیے ہر ممکن مدد فراہم کرے گی۔

وزیراعظم نے ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کو یقین دلایا کہ حکومت قانونی اور سفارتی دونوں سطحوں پر بھرپور تعاون کر رہی ہے اور ماضی میں بھی اس حوالے سے اقدامات کیے جا چکے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ خود انہوں نے امریکی صدر جو بائیڈن کو بھی اس معاملے پر خط لکھا ہے۔

 اس سے پہلے وزیراعظم سے یورپی یونین کی سفیر ڈاکٹر رینا کیونکا کی ملاقات میں پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان تعلقات کو مضبوط کرنے کے لیے تعاون بڑھانے پر بات ہوئی۔ وزیراعظم نے یورپی یونین کی جانب سے سیلاب کے دوران دی گئی امداد کو سراہا اور سفیر کی خدمات کا شکریہ ادا کیا۔

ڈاکٹر رینا کیونکا نے کہا کہ پاکستان میں ملنے والے تعاون کی قدر کرتی ہوں اور اپنی اگلی پوسٹنگ میں بھی پاکستان اور یورپی یونین کے تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لیے پرعزم ہوں۔

مزیدخبریں