گلگت بلتستان میں سیلاب کی تباہ کاریاں، 9 افراد جاں بحق، درجنوں لاپتہ ہوگئے، حکونت

12:18 PM, 25 Jul, 2025

گلگت : گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں حالیہ شدید بارشوں کے بعد آنے والے سیلابی ریلوں نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے۔ حکومتی ترجمان کے مطابق اب تک 9 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں، جن میں 2 خواتین اور 2 بچے بھی شامل ہیں، جبکہ 10 سے 12 افراد لاپتہ ہیں۔

ترجمان فیض اللہ فراق کا کہنا ہے کہ سیلاب کے باعث 500 سے زائد گھر تباہ ہو چکے ہیں اور 12 کلومیٹر سے زیادہ سڑکیں مکمل طور پر بہہ گئی ہیں۔ 27 پل، 22 گاڑیاں، متعدد دکانیں اور مویشی خانے بھی پانی کی نذر ہو گئے ہیں۔ سب سے زیادہ نقصان ضلع دیامر میں ہوا ہے۔

سیلابی ریلے نہ صرف گھروں اور سڑکوں کو بہا کر لے گئے بلکہ ہزاروں فٹ عمارتی لکڑی بھی تباہ ہو گئی۔ متاثرہ علاقوں میں 12 افراد زخمی ہوئے، جبکہ 300 سے زائد سیاحوں اور مسافروں کو کامیابی سے ریسکیو کیا گیا۔

ریسکیو اور امدادی کاموں میں پاک فوج اور جی بی سکاؤٹس نے اہم کردار ادا کیا۔ تاہم لینڈ سلائیڈنگ اور تیز پانی کے بہاؤ کی وجہ سے ریسکیو ٹیموں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ لاپتہ افراد کی تلاش کا کام جاری ہے۔

پانی اور بجلی کی بحالی کے کام کا آغاز کر دیا گیا ہے، جبکہ حکومت نے وعدہ کیا ہے کہ وہ متاثرین کو ہر ممکن مدد فراہم کرے گی اور انہیں تنہا نہیں چھوڑے گی۔

مزیدخبریں