راجستھان کے سکول میں چھت گرنے کا افسوسناک واقعہ، 4 بچے جاں بحق، متعدد زخمی

12:39 PM, 25 Jul, 2025

جھالاواڑ : بھارت کے ریاست راجستھان کے ضلع جھالاواڑ میں آج صبح ایک افسوسناک حادثہ پیش آیا، جہاں ایک سرکاری سکول کی خستہ حال عمارت کی چھت گرنے سے کم از کم چار بچے جان کی بازی ہار گئے جبکہ درجنوں افراد کے زخمی اور ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔

یہ واقعہ صبح تقریباً ساڑھے 8 بجے مانوہرتھانہ علاقے کے پیپلوڈی گورنمنٹ سکول میں پیش آیا، جب بچے اور عملہ اپنی روزمرہ کی سرگرمیوں میں مصروف تھے۔ اچانک عمارت کی چھت گرنے سے سکول میں افراتفری پھیل گئی۔

مقامی انتظامیہ کے مطابق حادثے کے وقت سکول میں تقریباً 40 بچے اور عملہ موجود تھا۔ پولیس حکام نے تصدیق کی ہے کہ چار بچے جاں بحق اور 17 زخمی ہوئے ہیں، جن میں سے 10 کو تشویشناک حالت میں جھالاواڑ ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

حادثے کے فوراً بعد قریبی لوگ جائے وقوعہ پر پہنچے اور ملبہ ہٹانے کی کوششیں شروع کر دیں۔ بعد ازاں ریسکیو ٹیمیں اور مشینری بھی امدادی کاموں میں شریک ہو گئیں۔ ضلعی انتظامیہ، ڈپٹی کمشنر اور پولیس حکام موقع پر موجود ہیں اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

مقامی رپورٹس کے مطابق سکول کی عمارت کافی پرانی اور خستہ حال تھی اور اس حوالے سے پہلے بھی متعدد شکایات درج کرائی جا چکی تھیں، مگر کوئی مؤثر قدم نہیں اٹھایا گیا۔ واقعے کے بعد علاقے میں غم و غصہ اور افسردگی کی فضا ہے، اور والدین اپنے بچوں کی خیریت جاننے کے لیے پریشان حال سکول پہنچے۔

حکام نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے اور ذمہ داروں کے خلاف ممکنہ کارروائی کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔

مزیدخبریں