لاہور :قومی سلیکشن کمیٹی کے رکن عاقب جاوید نے کہا ہے کہ ٹیموں کا انتخاب حالات اور کنڈیشنز کو مدنظر رکھ کر کیا گیا ہے اور بابراعظم قومی ٹیم میں مرکزی کردار ادا کریں گے۔ قومی کپتان اور ہیڈ کوچ کے ہمراہ پریس کانفرنس میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کے تقاضے مختلف ہیں، اس لیے تینوں فارمیٹس میں ایک جیسی چوائس ممکن نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیسٹ فارمیٹ سے خاصی مختلف ہے، جس کے باعث ٹیم کمبی نیشن میں تبدیلی ناگزیر ہوتی ہے۔
اس موقع پر سلمان آغا نے کہا کہ سری لنکا میں کم اسکورنگ مقابلوں کا امکان ہے، اس لیے جیت کے لیے نظم و ضبط کے ساتھ کرکٹ کھیلنا ہوگی۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ ماضی کے ٹورنامنٹس میں ٹیم کی کارکردگی توقعات پر پورا نہیں اتر سکی۔
ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے کہا کہ قومی ٹیم ورلڈ کپ کے لیے بھرپور تیاری کے ساتھ میدان میں اترے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ سے قبل آسٹریلیا کے خلاف سیریز ٹیم کے اعتماد اور مورال میں اضافے کا باعث بنے گی۔