ابوظبی : امریکا کی ثالثی میں ہونے والے دو روزہ روس-یوکرین مذاکرات ابوظبی میں کامیابی کے ساتھ ختم ہوگئے ہیں۔ امریکی حکام کا کہنا ہے کہ ان مذاکرات کے دوران فریقین کے درمیان ایک دوسرے کے لیے عزت کا اظہار کیا گیا اور دونوں نے تنازع کا حل تلاش کرنے کی نیک نیتی دکھائی۔
حکام کے مطابق، اگلے مذاکرات کا دور ابوظبی میں آئندہ اتوار کو ہوگا، جس میں یوکرین کے امن معاہدے کو آخری مراحل میں پہنچانے پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔
اماراتی حکومت کے ترجمان نے کہا کہ اس مذاکرات میں روس اور یوکرین کے نمائندوں کے درمیان براہ راست بات چیت ہوئی، جو ایک مثبت اور تعمیری ماحول میں ہوئی۔ اس دوران امریکا کے پیش کردہ امن منصوبے کے نکات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
روسی وزارت خارجہ اور یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ وہ اگلے مذاکراتی دور میں شرکت کے لیے تیار ہیں۔