کیرلا: ساؤتھ انڈین فلم انڈسٹری کی مشہور جوڑی رشمیکا منڈانا اور وجے دیوراکونڈا 26 فروری کو شادی کے بندھن میں بندھنے جا رہے ہیں۔ شادی کی تقریب کو خصوصی طور پر ’ویروش ویڈنگ‘ کا نام دیا گیا ہے اور یہ اراؤلی کے پہاڑی علاقے میں واقع دی مینٹوز میں منعقد ہوگی۔
تقریب نجی نوعیت کی ہے اور تقریباً 100 مہمانوں کی شرکت متوقع ہے، جن میں زیادہ تر سیاستدان اور چند ہدایتکار شامل ہیں، جبکہ فلمی شخصیات کی تعداد محدود ہوگی۔
رشمیکا اور وجے کی شادی سے پہلے ہی انہیں جنوبی بھارت کے سب سے امیر اور طاقتور فلمی جوڑوں میں شامل قرار دیا جا رہا ہے۔ رشمیکا منڈانا جنوبی بھارت کی سب سے زیادہ معاوضہ لینے والی اداکاراؤں میں سے ایک ہیں، جو فی فلم تقریباً 4 کروڑ روپے وصول کرتی ہیں۔ ان کی کل دولت تقریباً 66 کروڑ روپے ہے۔
فلمی کام کے علاوہ رشمیکا برانڈ اینڈورسمینٹس اور خوشبو کے برانڈز سے بھی آمدنی حاصل کرتی ہیں۔ ان کی جائیدادیں بنگلورو، حیدرآباد، ممبئی، گوا اور کورگ میں پھیلی ہوئی ہیں۔ کورگ میں واقع ان کا ولا تقریباً 8 کروڑ روپے مالیت کا ہے، اور ان کے پاس رینج روور اسپورٹ، آڈی کیو تھری اور مرسڈیز بینز جیسی مہنگی گاڑیاں بھی ہیں۔
وجے دیوراکونڈا بھی جنوبی بھارت کے اعلی معاوضہ لینے والے اداکاروں میں شمار ہوتے ہیں، اور ان کی کل دولت 66 سے 70 کروڑ روپے کے درمیان بتائی جاتی ہے۔ وہ فی فلم 3 سے 5 کروڑ روپے وصول کرتے ہیں اور رشمیکا کی طرح برانڈ اینڈورسمینٹس اور سوشل میڈیا سے اضافی آمدنی رکھتے ہیں۔ حیدرآباد کے پوش علاقے جوبلی ہلز میں ان کا تقریباً 15 کروڑ روپے مالیت کا بنگلہ بھی ہے۔
وجے کو بھی لگژری گاڑیوں کا شوق ہے، اور ان کے پاس بی ایم ڈبلیو، فورڈ مستنگ اور رینج روور موجود ہیں۔ علاوہ ازیں، وہ ایک نجی طیارے کے بھی مالک ہیں جس کی قیمت تقریباً 30 کروڑ روپے ہے۔
رشمیکا اور وجے کی مشترکہ دولت 130 کروڑ روپے سے زائد بتائی جاتی ہے، جس کے باعث یہ جوڑا ٹالی وڈ کی سب سے امیر نوجوان جوڑیوں میں شمار ہوتا ہے۔