پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کا نیا رخ: انخلاء کے دعوے غلط ثابت، 79 نئی کمپنیوں کا داخلہ

11:26 PM, 25 Feb, 2026

اسلام آباد : پاکستان کے کارپوریٹ سیکٹر سے متعلق حالیہ منفی پروپیگنڈے اور غیر ملکی کمپنیوں کے مبینہ انخلاء کی حقیقت سامنے آگئی ہے۔ سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (SECP) کے تازہ ترین اعداد و شمار نے ثابت کر دیا ہے کہ ملک میں غیر ملکی کمپنیوں کے جانے کی رفتار سے کہیں زیادہ نئی کمپنیاں رجسٹر ہو رہی ہیں۔
ایس ای سی پی کی رپورٹ کے مطابق، گزشتہ تین سالوں (2022 تا 2025) کے دوران جہاں محض 19 غیر ملکی کمپنیوں نے اپنے آپریشنز سمیٹے، وہیں اسی مدت میں 79 نئی بین الاقوامی کمپنیوں نے پاکستان میں اپنی رجسٹریشن کروا کر کاروبار کا آغاز کیا۔ یہ اعداد و شمار ظاہر کرتے ہیں کہ پاکستان کی مارکیٹ اب بھی عالمی سرمایہ کاروں کے لیے پرکشش ہے۔
رپورٹ میں واضح کیا گیا ہے کہ سوشل میڈیا اور بعض حلقوں میں "125 کمپنیوں کے انخلاء" کا جو تذکرہ کیا جا رہا ہے، وہ گمراہ کن ہے۔ درحقیقت یہ تعداد 1977 سے لے کر اب تک یعنی گزشتہ تقریباً پانچ دہائیوں کا مجموعی ڈیٹا ہے، جسے حالیہ تین سالوں سے جوڑنا معاشی حقائق کے منافی ہے۔
فروری 2026 کے اعداد و شمار کے مطابق  اس وقت پاکستان میں 1,157 غیر ملکی کمپنیاں کامیابی سے کام کر رہی ہیں صرف گزشتہ ماہ 82 مقامی کمپنیوں نے غیر ملکی سرمایہ کاری حاصل کی، جن کا تعلق چین، امریکہ، جرمنی، برطانیہ، اور ترکی جیسے بڑے ممالک سے ہے۔
 معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ مارکیٹ سے چند پرانی کمپنیوں کا جانا "ایگزٹ" نہیں بلکہ "ری سٹرکچرنگ" ہے۔۔

مزیدخبریں