پاکستان نے ڈیفالٹ کا خطرہ ٹال دیا، معیشت اب درست سمت میں گامزن ہے: وزیراعظم شہباز شریف

04:03 PM, 25 Feb, 2026

اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ جون 2023 میں پاکستان کی معاشی حالت اس قدر مخدوش تھی کہ ملک دیوالیہ ہونے کے دہانے پر کھڑا تھا، مگر سخت فیصلوں اور حکومتی حکمتِ عملی سے ہم اس سیاہ دور سے باہر نکل آئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی ایس ڈی پی (PSDP) ڈیٹا پورٹل کی افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔
وزیراعظم نے تقریب کے شرکاء کو ملکی معیشت کے اتار چڑھاؤ سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ جون 2023 ملکی معیشت کے لیے ایک ڈراؤنا خواب تھا جب دیوالیہ ہونے کے خدشات حقیقت بننے کے قریب تھے۔آج ہماری مجموعی اقتصادی حالت ماضی کے مقابلے میں کہیں زیادہ حوصلہ افزا ہے اور معاشی اعشاریوں میں بہتری آ رہی ہے۔
 وزیراعظم نے پی ایس ڈی پی ڈیٹا پورٹل کو ملکی ترقی میں ایک انقلابی سنگِ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ اب ترقیاتی منصوبوں میں کرپشن کی گنجائش ختم ہو جائے گی۔
شہباز شریف نے واضح کیا کہ اس جدید پورٹل کے ذریعے ترقیاتی کاموں کی براہِ راست نگرانی کی جا سکے گی۔ انہوں نے کہا کہ   عوامی ٹیکسوں کا ایک ایک پیسہ امانت ہے، اور یہ پورٹل اس بات کو یقینی بنائے گا کہ قومی وسائل کسی کی ذاتی پسند یا ناپسند کی نذر نہ ہوں۔
وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت معاشی اصلاحات کا عمل جاری رکھے گی تاکہ پاکستان کو پائیدار ترقی کی راہ پر ڈالا جا سکے۔

مزیدخبریں