کیلیفورنیا: سیاروں کو دیکھنے کے شوقین افراد کے لیے 28 فروری کو ایک خاص دن ہوگا جب نظام شمسی کے چھ سیارے آسمان پر ایک قطار میں دکھائی دیں گے۔ ماہر فلکیات ڈاکٹر جاوید اقبال کے مطابق، اس دن مرکری، وینس، مشتری، زحل، یورینس اور نیپچون ایک شاندار فلکیاتی پریڈ کا حصہ بنیں گے۔
اگر موسم صاف رہا، تو سورج غروب ہونے کے بعد تقریباً 30 منٹ میں یہ چھ سیارے آسمان پر ایک ہی سمت میں نظر آئیں گے۔ ڈاکٹر جاوید اقبال نے بتایا کہ عطارد، وینس، زحل اور مشتری کو آنکھ سے دیکھا جا سکے گا، جب کہ یورینس اور نیپچون کو دیکھنے کے لیے دوربین یا ٹیلی سکوپ کی ضرورت ہوگی۔
یہ ایک نایاب فلکیاتی واقعہ ہے جسے "سیاروں کی قطار" یا Planetary Alignment کہا جاتا ہے۔ اس کا مطلب یہ نہیں کہ تمام سیارے ایک سیدھی لائن میں آ جائیں گے، بلکہ زمین سے دیکھنے پر وہ ایک ہی سمت میں نظر آئیں گے۔اگر آپ فلکیات میں دلچسپی رکھتے ہیں تو 28 فروری کو آسمان کی طرف دیکھنا نہ بھولیں، یہ ایک یادگار نظارہ ہوگا!