ڈاکٹر ذاکر نائیک نے پاکستان کا دوبارہ دورہ کیا، مذہبی رہنمائوں سے ملاقاتیں

06:57 PM, 25 Feb, 2025

لاہور:ڈاکٹر ذاکر نائیک، جو کہ ایک معروف اسلامی سکالر ہیں، نے مختصر نجی دورے کے لیے پاکستان کا دورہ کیا۔ اس دوران، انہوں نے کئی مذہبی اور سیاسی رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں۔

24 فروری کو فیس بک اور انسٹاگرام پر ڈاکٹر ذاکر نائیک نے اپنی آمد کی اطلاع دی، جس میں انہوں نے بتایا کہ وہ 22 فروری کو کراچی میں واقع جامعت الرشید کا دورہ کرنے پہنچے تھے۔

ڈاکٹر نائیک نے اپنے دورے کا آغاز جامعت الرشید اور الغزالی یونیورسٹی کے دورے سے کیا۔ وہاں انہوں نے یونیورسٹی کے انتظامیہ سے ملاقاتیں کیں اور ادارے کے مختلف شعبہ جات کا دورہ کیا، جس کے بعد انہوں نے یونیورسٹی کے میڈیا ڈیپارٹمنٹ کے لیے جدید ترین آلات عطیہ کرنے کا اعلان کیا۔

اس کے بعد، ڈاکٹر ذاکر نائیک نے دیگر مذہبی رہنماؤں سے ملاقاتیں کی اور ان ملاقاتوں کے بارے میں سوشل میڈیا پر آگاہ کیا۔ 25 فروری کو انہوں نے لاہور میں جماعت اسلامی کے مرکزی دفتر کا بھی دورہ کیا اور جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمٰن سے ملاقات کی۔

ڈاکٹر ذاکر نائیک کا یہ دورہ 2025 کا پہلا دورہ ہے اور وہ گزشتہ سال 2024 کے اختتام پر پاکستان آئے تھے۔

مزیدخبریں