فیلڈ مارشل عاصم منیر کا کرائسٹ چرچ راولپنڈی کا دورہ، کرسمس کی مبارکباد

08:15 PM, 25 Dec, 2025

راولپنڈی : فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان کے نظریے کا اہم جز اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق، فیلڈ مارشل عاصم منیر نے راولپنڈی کے کرائسٹ چرچ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے کرسمس کی خوشیوں میں شرکت کی اور مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر انہوں نے ملک میں امن، ہم آہنگی اور خوشحالی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

فیلڈ مارشل نے بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کو ان کی یومِ پیدائش پر خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قائداعظم کا ویژن مذہبی آزادی، مساوات اور آئینی اقدار پر استوار تھا، اور یہ تمام اصول پاکستان کی بنیاد ہیں۔ انہوں نے بین المذاہب ہم آہنگی اور قومی یکجہتی کی اہمیت پر زور دیا، اور کہا کہ اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ پاکستان کے نظریے کا سنگِ میل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی قوت مساوی مواقع اور آئینی اقدار میں مضمر ہے۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے مسیحی کمیونٹی کے قومی ترقی اور سلامتی میں کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ مسلح افواج میں مسیحی برادری کی خدمات ایک روشن مثال ہیں، جو حب الوطنی اور قومی یکجہتی کا اعلیٰ نمونہ ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ مسلح افواج تمام شہریوں کے مساوی حقوق کے تحفظ کے لیے پرعزم ہیں۔ اس موقع پر مسیحی رہنماؤں نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کے دورے کا شکریہ ادا کیا اور افواج کے کردار کو سراہا۔
 
 

مزیدخبریں