پاکستان کی معاشی بہتری، جرمن سرمایہ کاری کے فروغ پر زور

09:21 PM, 25 Aug, 2026

اسلام آباد: جرمن سفیر اِنّا لیپل نے وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سے ملاقات کی، جس میں پاکستان کی معاشی صورتحال، اصلاحات اور جرمنی کے ساتھ دوطرفہ اقتصادی تعلقات کو مزید وسعت دینے کے امور پر بات چیت ہوئی۔

ملاقات کے دوران جرمن سفیر نے پاکستان کی خودمختار کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری کو سراہتے ہوئے کہا کہ معاشی اشاریوں میں بہتری سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافے کی علامت ہے۔ انہوں نے خطے میں جاری جغرافیائی سیاسی چیلنجز کے باوجود پاکستان کی معاشی پیش رفت کو مثبت قرار دیا۔

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ حکومت معاشی استحکام، مالیاتی نظم و ضبط اور ساختی اصلاحات کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پائیدار معاشی ترقی کے لیے پالیسی تسلسل اور ادارہ جاتی اصلاحات ناگزیر ہیں۔

ملاقات میں پاکستان میں جرمن کمپنیوں کی سرمایہ کاری اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خزانہ نے ایف بی آر کی ڈیجیٹلائزیشن سمیت ان اقدامات پر روشنی ڈالی جن کا مقصد ٹیکس نظام کو شفاف اور مؤثر بنانا اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے کاروباری ماحول کو آسان بنانا ہے۔

جرمن سفیر نے وزیر خزانہ کو رواں سال سیئول میں ہونے والی 19ویں ایشیا پیسیفک کانفرنس آف جرمن بزنس میں شرکت کی دعوت بھی دی۔

فریقین نے پاکستان اور جرمنی کے درمیان اقتصادی تعاون، تجارت اور سرمایہ کاری کے روابط مزید مضبوط بنانے کے لیے مسلسل رابطے جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

مزیدخبریں