وزیراعظم کی گلگت بلتستان میں جانیں بچانے والے قومی ہیروز سے ملاقات، فی کس 25 لاکھ روپے انعام دیا گیا

10:19 PM, 25 Aug, 2025

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے گلگت بلتستان میں گلیشیئر پھٹنے (گلوف) کے خطرے کی بروقت اطلاع دے کر 300 سے زائد جانیں بچانے والے تین قومی ہیروز سے ملاقات کی اور ان کی بہادری کو سراہتے ہوئے فی کس 25 لاکھ روپے نقد انعام اور تعریفی سرٹیفکیٹ سے نوازا۔

ملاقات میں شامل افراد وصیت خان، انصار اور محمد خان نے اپنی ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے بروقت اطلاع دے کر انسانی جانوں کو بڑے نقصان سے بچایا۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ بھی اس موقع پر موجود تھے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ "آپ کے اس جرات مندانہ اقدام کی پوری قوم قدر کرتی ہے۔ آپ نے اپنی ذمہ داری بخوبی نبھائی اور 300 جانیں بچائیں، جس پر ہم سب آپ کے شکر گزار ہیں۔"

انہوں نے مزید کہا کہ وزارت موسمیاتی تبدیلی گلگت بلتستان میں پیشگی وارننگ نظام کو بہتر بنانے کے لیے کام کر رہی ہے تاکہ ایسے حادثات کی روک تھام کی جا سکے۔

تینوں قومی ہیروز نے وزیراعظم کی جانب سے دی گئی پذیرائی پر شکریہ ادا کیا اور مزید خدمت کا عزم ظاہر کیا۔

مزیدخبریں